تازہ ترین :

شروع اللہ کے نام سے جو بڑا مہربان نہایت رحم والا ہے ِ

الم ﴿۱﴾یہ کتاب (قرآن مجید) اس میں کچھ شک نہیں (کہ کلامِ خدا ہے۔ خدا سے) ڈرنے والوں کی رہنما ہے ﴿۲﴾ جو غیب پر ایمان لاتے اور آداب کے ساتھ نماز پڑھتے اور جو کچھ ہم نے ان کو عطا فرمایا ہے اس میں سے خرچ کرتے ہیں 

ad

اکشے کماراداکار کیسے بنے، انہیں پہلی فلم کا معاوضہ کیا ملا؟

  28 ‬‮نومبر‬‮ 2017   |    12:54     |     شوبز

ممبئی (ویب ڈیسک )بولی وڈ کھلاڑی اکشے کمار ویسے تو ان دنوں اپنی آنے والی دو فلموں ’2 پوائنٹ زیرو‘ اور ’پیڈ مین‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، تاہم ساتھ ہی وہ اپنی دیگر فلموں کی شوٹنگ بھی کررہے ہیں۔اکشے کمار کا شمار بولی وڈ کے سپر اسٹارز میں ہوتا ہے، اور ہر سال ان کی کوئی نہ کوئی فلم باکس آفس پر

ہٹ جاتی ہے، جس کے باعث وہ زیادہ معاوضہ لینے والے اداکاروں میں بھی شمار ہوتے ہیں۔ رواں برس جہاں سلمان خان کی ’ٹیوب لائیٹ‘ شاہ رخ خان کی ’جب ہیری میٹ سیجل‘ اور عامر خان کی ’سیکریٹ سپر اسٹار‘ فلمیں فلاپ ہوئیں، وہیں اکشے کمار کی ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘ سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ آج کل ایک فلم کے کروڑوں روپے معاوضہ لینے والے اداکار یقیناً 27 سال قبل اتنا معاوضہ نہیں لیتے تھے، لیکن ان کے شائقین کو جان کر حیرانی ہوگی کہ انہیں اپنی پہلی دو فلموں کا معاوضہ کتنا ملا۔ بھارتی شوبز ویب سائٹ مڈ ڈے کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں اکشے کمار نے نہ صرف خود کو ملنے والے ابتدائی فلموں کے معاوضے سے متعلق کھل کر بات کی، بلکہ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ کس طرح ایک ماڈل سے اداکار اور پھر ایک سپر اسٹار بنے۔ اکشے کمار نے خصوصی انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ماضی کی مقبول فلم ’جو جیتا وہی سکندر‘ کے لیے بھی وہ پہلے کاسٹ کیے گیے، لیکن بعد ازاں انہیں اس فلم میں شامل نہیں کیا گیا۔ 50 سالہ اداکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنے کیریئر کی شروعات ایک ماڈل کے طور پر کیں، جب کہ وہ شروع سے ہی پیسوں کے معاملے میں خوشنصیب رہے ہیں، کیوں کہ ان کے والد اکاؤنٹنٹ تھے۔ ’کیوں پیسا پیسا کرتی ہے، کیوں پیسے پہ وہ مرتی ہے‘ جیسے گانوں میں جوہر دکھانے والے اکشے کمار کا کہنا تھا کہ وہ پیسوں کے حوالے سے جلدی حساب لگا لیتے ہیں، اور انہیں پیسوں کی گنتی میں بھی کوئی دشواری نہیں ہوتی۔ کھلاڑی ہیرو کا کہنا تھا کہ وہ نہ صرف اداکار ہیں بلکہ انہوں نے ایک پروڈیوسر کے طور پر بھی متعدد فلموں میں سرمایہ کاری کی، لیکن وہ فلموں میں سوچ سمجھ کر پیسے لگاتے ہیں، وہ زیادہ تر چھوٹی بجٹ کی فلموں کو پروڈیوس کرتے ہیں۔ ان کے مطابق انہوں نے زیادہ تر 20 سے 30 کروڑ روپے کی بجٹ سے تیار ہونے والی فلموں میں سرمایہ کاری کی، جنہوں نے 40 سے 50 کروڑ روپے کمائے۔ اکشے کمار نے انکشاف کیا کہ انہیں پہلی فلم کا معاوضہ محض 5 ہزار بھارتی روپے ملا، لیکن اس وقت تک وہ صرف ایک ماڈل کے طور پر مشہور تھے۔ بعد ازاں انہیں بنگلورو میں ماڈلنگ اور میک اپ کی دنیا کے جانے پہچانے شخص پرامود چکرورتی نے تجویز دی کہ اگر انہیں فلمی دنیا میں اپنا نام بنانا اور معروف اداکار بننا ہے تو انہیں اپنا فوٹو شوٹ کرکے پورٹ فولیو تیار کرنا پڑے گا۔ اداکار کے مطابق فوٹو شوٹ کے فوری بعد انہیں ایک ساتھ تین فلمیں ملیں، جس میں سے انہیں پہلی فلم کا معاوضہ 5 ہزار، دوسری فلم کا 50 ہزار، جب کہ تیسری فلم کا معاوضہ ڈیڑھ لاکھ بھارتی روپے ملا۔ اکشے کمار نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں یہ معاوضہ کون سی تین فلموں کے لیے ملا۔ اکشے کمار نے یہ انکشاف بھی کیا کہ رومانٹک ایکشن فلم ’پھول اور کانٹے‘ کے لیے اجے دیوگن پہلی پسند نہیں تھے۔ کھلاڑی ہیرو نے دعویٰ کیا کہ ’پھول اور کانٹے‘ کے لیے بھی پہلے انہیں کاسٹ کیا گیا تھا، یہاں تک کہ انہوں نے وائلن بجانے والے 30 سے 40 رضاکاروں کے ساتھ فلم کے گیتوں کے کچھ مناظر بھی ریکارڈ کرالیے تھے۔ اکشے کمار کے مطابق بعد ازاں ’پھول اور کانٹے‘ سے بھی انہیں کوئی سبب بتائے بغیر نکال دیا گیا، اور انہیں فون پر صرف یہ بتایا گیا کہ وہ نہیں آئیں، ان کی جگہ کوئی اور آئے گا۔ رواں برس ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’ٹوائلٹ ایک پریم کتھا‘ کے بزنس پر حیرانگی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں یہ سن کر تعجب ہوا کہ ان کی کم بجٹ کی فلم نے 132 کروڑ بھارتی روپے کمائے۔ خیال رہے کہ نیشنل ایوارڈ یافتہ ہیرو اکشے کمار نے فلمی کیریئر کا آغاز 1990 کی دہائی میں کیا،ان کی پہلی فلم ’سوگندھ‘ تھی، جو اتنی مقبول نہیں ہوئی۔ بھارتی فلم انڈسٹری کو 27 سال دینے والے اکشے کمار کو شہرت کھلاڑی فلم سیریز سے ملی، اس سیریز کی پہلی فلم ’کھلاڑی‘ 1991 میں آئی، جس کی ہدایات عباس مستان نے دیں۔ دیدار، قاعدہ قانون، وقت ہمارا ہے، سینک، موہرا، تو چور میں سپاہی، اعلان، سہاگ، ایئر لفٹ، رستم، راؤڈی راٹھوڑ، گرم مصالحہ، بے وفا اور یہ دل لگی جیسی فلمیں دینے والے اکشے کمار 2017 میں بولی وڈ کے سب سے زیادہ کمانے والے 10 اداکاروں کی فہرست میں بھی شامل رہے۔ اکشے کمار نے 2001 میں ساتھی اداکارہ ٹوئنکل کھنہ سے شادی کی، ان دونوں نے ’انٹرنیشنل کھلاڑی‘ جیسی فلم میں ایک ساتھ کام بھی کیا۔ اکشے کمار کے 2 بچے ہیں، جن میں سے ایک بیٹا اور دوسری بیٹی ہیں، جب کہ آج کل وہ اپنی 2018 میں آنے والی فلم ’گولڈ‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

اس خبر کے بارے میں اپنی رائے دیجئے
پسند آئی
 
ٹھیک ہے
 
کوئی رائے نہیں
 
پسند ںہیں آئی
 
اپنی رائے کا اظہار کریں -

اس وقت سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

شوبز خبریں

تازہ ترین خبریں

تازہ ترین تصاویر


>